ملکی بحرانوں کے حل کیلئے شرح خواندگی بڑھائی جائے، یوسف گیلانی
ملتان (خبر نگار خصوصی)سابق وزیر اعظم و قائد حزب اختلاف سینیٹ سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اس کی ترقی و خوشحالی کی ذمہ داری بھی بلا تفریق سب پر عائد ہوتی ہے،ملک کو درپیش چیلنجزکے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ شرح خواندگی کو بڑھاتے ہوئے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں،ترقی یافتہ ممالک کی تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے تعلیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا تب کہیں جاکر انہیں وہ منزل نصیب ہوئی،جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر یہاں کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اے سی سی اے کے زیر اہتمام پاکستان کیلئے پائیدار ترقی کے عنوان سے منعقدہ کارپوریٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ اسد حمید خان، لیفٹیننٹ جنرل طارق خان وی سی نیشنل یونیورسٹی آف سیکیورٹی سائنسز، محمد علی ابراہیم ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن موبی لنک مائیکرو فنانس، عنابارشد، ہیڈ آف انسٹی ٹیوٹ ٹی ایم یو سی،بیرسٹر تیمور ملک پارٹنر کلائیڈ اینڈ کمپنی ایل ایل پی اور عمر بیگ سی او او مختار اے شیخ ہسپتال نے پاکستان کی پائیدار ترقی کے قیام کے حوالے سے جنوبی پنجاب کیلئے ترقی کے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا اور خطہ کی محرومیوں کی نشاندہی کی اور قابلیت اور مہارت کے صحیح سیٹ اپ کے ساتھ موجود صلاحیتوں کو اجاگر کیا جو پائیدار ترقی کے لیے بروئے کار لا سکتے ہیں۔بعدازاں پینلسٹ خواجہ محسن ڈائریکٹر محمود گروپ، طلعت جاوید، پارٹنر، شنگ ونگ حمید کے ساتھ ہائی اوکٹین پینل ڈسکشن بھی ہوئی۔ چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر ایم نعمان عباسی اور دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پرشاہدخان نے مہمان خصوصی اور پینلسٹ کی کوششوں کو سراہا،شاہ محمد خان بزنس ڈویلپمنٹ منیجر اے سی سی اے پاکستان نے ناصر خان بادوزئی سمیت تمام مہمانوں کا خطے کی بہتری کیلئے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔کانفرنس کے آخر میں مہمانان گرامی کو یاد گاری شیلڈیں بھی دی گئیں۔ دریں اثناء سابق وزیر اعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علی موسی گیلانی کی ضمنی الیکشن میں کامیابی اہل ملتان کی خو شحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی انکی کامیابی کے لیے معاونت کرنے والے سیاسی سماجی رہنما علاقے کی بھلائی کررہے ہیں میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 157بستی شیر سنگھ میں میاں رشید اورمیاں عاطف رشید کی جانب سے دئیے گئے ظہرانہ کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میاں رشید اور میاں عاطف رشید نے این اے 157کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں امیدوار سید علی موسی گیلانی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اس موقع پر پیر فیاض شاہ اور پیر ہاشم شاہ بھی موجود تھے