کامیڈی کنگ،سٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے
اسلام آباد + لاہور + کراچی (محمد رضوان ملک + خصوصی رپورٹر + نیوز رپورٹر + وقائع نگار + خصوصی نامہ نگار) ساری زندگی ہنسانے والا آخر رلا گیا ۔برصغیر کے عظیم کامیڈین محمد عمر المعروف عمر شریف 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال جرمنی کے شہر نورم برگ کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ وہ کچھ عرصے سے دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلاء تھے ۔ ڈاکٹرز کی تجویز پر انہیں علاج کے لئے امریکہ لے جایا جارہا تھا۔ ائر ایمبولینس پر امریکہ لے جاتے ہوئے جرمنی میں ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں جرمنی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈائیلاسز کے دوران ان کی طبیعت خراب زیادہ خراب ہوئی اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ انہوں نے 1974 میں اسٹیج ڈراموں میں کام کا آغاز کرنے کے بعد ڈرامے میں استعمال ہونے والا نام عمر ظریف رکھا، بعد ازاں وہ عمر ظریف سے عمر شریف ہوگیا۔عمر شریف انیس اپریل 1955 ء کو کراچی کے علاقے لیاقت ٹائون میں پیدا ہوئے۔1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔عمر شریف نے ٹی وی پر بھی بیشمار شوز کیے اور ایسے ہی ایک شو عمر شریف ورسز عمر شریف میں وہ 400 سے زیادہ بہروپوں میں نظر آئے جو ایک ریکارڈ ہے۔عمر شریف نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ لافٹر پروگرامز میں بطور جج بھی فرائض سرانجام دیے۔ان شوز میں میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج سرفہرست ہے، جہاں انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو کے ہمراہ جج کے فرائض سرانجام دیے۔عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر کی دنیا میں ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔عمر شریف پاکستان کی کچھ فلموں میں بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئے اور وہاں بھی اپنی خوب نام کمایا۔ فلموں میں شکیلہ قریشی کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔ان کی مقبول فلموں میں مسٹر 420، مسٹر چارلی، خاندان اور لاٹ صاحب شامل ہیں۔ مسٹر 420 میں بہترین اداکار کرنے پر انہیں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔عمر شریف کے مقبول ترین اسٹیج ڈراموں میں بکرا قسطوں پے اور بڈھا گھر پے ہے جیسے لازوال اسٹیج ڈراموں کو عمر شریف کے مداح آج بھی دیکھتے اور لطف اٹھاتے ہیں۔عمر شریف کے مقبول اسٹیج ڈراموں میں دلہن میں لے کر جاوں گا، سلام کراچی، انداز اپنا اپنا، میری بھی تو عید کرا دے، نئی امی پرانا ابا، یہ ہے نیا تماشا، یہ ہے نیا زمانہ، یس سر عید نو سر عید، عید تیرے نام، صمد بونڈ 007، لاہور سے لندن، انگور کھٹے ہیں، پٹرول پمپ، لوٹ سیل، ہاف پلیٹ، عمر شریف ان جنگل، چوہدری پلازہ وغیرہ شامل ہیں۔ عمر شریف نے تین شادیاں کیں ان کی پہلی بیوی دیبا عمر، دوسری شکیلہ قریشی اور تیسری زریں غزل تھیں ۔ زریں غزل سے ان کی شادی 2005 ء میں ہوئی جو آخری وقت تک ان کے ساتھ تھیں۔ عمر شریف کے انتقال پر صدر‘ وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار‘ شہباز شریف‘ بلاول‘ زرداری‘ شجاعت‘ پرویز الٰہی‘ مونس ‘ فواد چودھری‘ شیخ رشید‘ اعظم سواتی‘ فروغ نسیم‘ امین الحق‘ شیریں مزاری‘ مراد سعید‘ مریم نواز‘ رحمنٰ ملک‘ ساتھی اداکاروں نے اظہار افسوس کیا ہے۔ ایم کیو ایم نے ایک روزہ‘ تحریک انصاف نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ دوسری جانب جرمنی کے نیورمبرگ ساؤتھ ہسپتال نے عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے اور عمر شریف کی میت کی پاکستان روانگی کے لئے کلیئرنس پیر کو ملے گی۔