سپریم کورٹ نے فوجی عدالت سے سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا، اپیلٹ فورم جانے کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے صابر شاہ کو متعلقہ اپیلٹ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اپیل کے فیصلے تک سزا پر عملدرآمد روکنے کا حکم جاری کر دیا۔ دو رکنی بنچ نے صابر شاہ کی والدہ (لیلیٰ) کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی مجرم کے وکیل خالد رانجھا نے عدالت کو بتایا کہ فوجی عدالت نے صابر شاہ کو سزائے موت سنائی ہے۔ ملزم پر وکیل محمد ارشد کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ صابر شاہ کی عمر سترہ سال ہے۔ سزا کا علم آئی ایس پی آر کے توسط سے ہوا۔ انہیں فیصلہ کی کاپی بھی فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جو خارج ہو چکی ہے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو ابھی پھانسی نہیں دی گئی ہے۔ فوجی عدالت میں سزا کے خلاف اپیل دائر ہو سکتی ہے۔ اس پر عدالت نے قرار دیا کہ ملزم پہلے فوجی عدالت میں اپیل دائر کرے پھر اس اپیل کے فیصلے کو پہلے ہائی کورٹ اور بعد ازاں سپریم کورٹ میں چینلج کر سکتا ہے۔ ڈائریکٹ سپریم کورٹ سے رجوع طریقہ کار کے منافی ہے۔