ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان سیمی فائنل میں ‘ بھارت آﺅٹ‘ ملک بھر میں جشن‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے
کولمبو + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر + سپورٹس رپورٹر + نامہ نگاران) بھارت جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دینے کے باوجود ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا اور پاکستان نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا‘ پاکستان (کل) جمعرات کو سری لنکا کیخلاف سیمی فائنل کھیلے گا، دوسرا سیمی فائنل 5 اکتوبر کو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہو گا۔ آسٹریلیا سے کامیابی کے باوجود پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا دارومدار جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ پر تھا۔ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے جنوبی افریقہ کو 31 رنز کے مارجن سے شکست دینا تھی۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ شروع ہوا تو بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 152 رنزبنائے۔ بھارت کی جانب سے سریش رائنا 45 اور روہت شرما 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل اور پیٹرسن نے 2‘ 2 کھلاڑیوں کو آ¶ٹ کیا۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے بھارت کیلئے ضروری تھا وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 121 رنز سے کم پر شکست دیتا تاہم بھارت اس میں ناکام رہا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو ایک رنز سے شکست دے دی تاہم یہ فتح بھارت کے لئے سودمند ثابت نہ ہوئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوپلیسز نے 38 گیندوں پر 65 رنز بنا کر بھارت کا خواب مٹی میں ملا دیا۔ پاکستانی قوم کی دعائیں بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ساتھ تھیں۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 151 رنز بناکر آ¶ٹ ہو گئی۔ بھارت کی طرف سے ظہیر خان اور بالاجی نے 3‘ 3‘ یووراج سنگھ نے 2‘ عرفان پٹھان اور اشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر ملک بھرمیں شائقین کرکٹ نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا جبکہ بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو 20 سالہ پرانی تاریخ دہرانے کا نادر موقع مل گیا۔ جمعہ کے روز دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ صدر زرداری، وزیراعظم
راجہ پرویز اشرف، نوازشریف، شہباز شریف، الطاف حسین، چیئرمین پی سی بی، منور حسن، لیاقت بلوچ اور دیگر نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی ہے انشاءاللہ پاکستانی ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ سپورٹس رپورٹر کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف نے بھی قومی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف کامیابی پر کھلاڑیوں، مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے کھلاڑیوں کی سخت محنت قرار دیا ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان محمد حفیظ نے عمدہ کپتانی کر کے تنقید کرنے والوں کے منہ بند کر دئیے ہیں۔ جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلہ کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آخری میچ میں پاکستانی شائقین نے جنوبی افریقن ٹیم کو سپورٹ کیا۔ بھارت کی ہر گرنے والے وکٹ اور بعدازاں جنوبی افریقہ کی جانب سے لگائی جانے والی ہر شاٹ پر پاکستان شائقین جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے 122 رنز کے مجموعہ تک پہنچنے پر سٹیڈیم میں موجودگی پاکستانی شائقین نے خوشی میں جھومنا شروع کر دیا جبکہ اس تمام صورتحال پر جنوبی افریقن ٹیم کے کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ پاکستانی شائقین کو خوشی میں جھومتے ہوئے دیکھتے رہے جبکہ سٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین اور کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنسو نمایاں تھے۔ این این آئی کے مطابق پاکستان کی جیت پر شائقین کرکٹ سڑکوں پر نکل آئے، کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، لاہور میں تاجر کو ہوائی فائرنگ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف فتح کی خوشی میں بھی شائقین کرکٹ کی خوشی دیدنی تھی اور اس سلسلہ میں ملک بھر میں جشن منایا گیا اور ہوائی فائرنگ کرنے پر لبرٹی کے تاجر کو گرفتار کر لیا گیا۔ مزید برآں جنوبی افریقہ نے جیسے ہی 121 سکور کا ہدف حاصل کیا کولمبو سٹیڈیم اور پاکستان بھر میں شائقین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کر دئیے اور اس موقع پر جنوبی افریقفہ کی ٹیم کو بھی خوب داد دی گئی۔ پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کی خوشی میں ملک بھر میں جشن منایا گیا اور لوگ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے علاوہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ آسٹریلیا کے خلاف جیت پر بچیانہ منڈی میں ہوائی فائرنگ کی گئی، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر دیوانہ وار رقص کیا اور کرکٹ ٹیم اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی خوشی میں واربرٹن میں تحریک انصاف کے چودھری شہاز حسین سندھیلہ، مہندی چوک میں محمد عدیل، محمد متین طیب اور دیگر نے مٹھائی تقسیم کی۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا۔
کولمبو (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو 32 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستانی سپنرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 117 رنز بنا سکا۔ پاکستان کی جانب سے دئیے گئے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، پاکستانی سپنرز کے مقابلے میں آسٹریلوی بلے بازوں کی ایک نہ چلی، آسٹریلیا کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں اٹھانا پڑا جب شین واٹسن 8 رنز بنا کر رضا حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ دوسرے اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی 8 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ مائیک ہسی نے پاکستانی بالرز کا مقابلہ کیا اور ناقابل شکست 54 رنز بنائے تاہم دوسری جانب سے کوئی دوسرا بلے باز ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہا اور آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ جارج بےلی 15، کیمرون وائٹ 12، گلین میکس ویل 4، میتھیوویٹ 13 اور پیٹ کمنس بغیر کوئی رنز بنائے آ¶ٹ ہوئے۔ مچل سٹاک صرف ایک رن بنا سکے۔ سعید اجمل نے 3 جبکہ رضا حسن اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مقررہ بیس اوورز میں 18 اوورز سپنرز نے کرائے جبکہ فاسٹ بالر میں سے صرف عمر گل نے ہی دو اوورز کرائے۔ شکست کے باوجود آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ سپنر رضا حسن مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستانی اوپنرز ایک مرتبہ پھر مستحکم آغاز دینے میں ناکام رہے۔ انتیس رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم پریشر میں تھی تاہم تیسری وکٹ پر کامران اکمل اور ناصر جمشید نے اناسی رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ ناصر جمشید نے شاندار سٹروک کھیلے اور چھیالیس گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ عبدالرزاق نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 17 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ پاکستان نے بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ پاکستان سے میچ ہارنے کے باوجود آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار کامیابی پر پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم کولمبو اور اس کے ارد گرد کا علاقہ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ پاکستان سے آئے ہوئے سینکڑوں شائقین کرکٹ سمیت دیگر غیر ملکیوں نے پاکستان کی فتح کا جشن منایا۔
پاکستان / جیت گیا