لاہور، قاتل ڈینگی نے چارخواتین سمیت مزید چھ افراد کی جان لے لی، صوبائی دارالحکومت میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو بیالیس ہوگئی ۔
صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی کی شدت برقرار ہے اورتیرہ ہزار سے زائد افراد اس جان لیوا وائرس کے شکنجے میں ہیں۔ آج لاہور کے سروسز ہسپتال میں ڈینگی فیور میں مبتلا تین خواتین سمیت چار افراد چل بسے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بند روڈ کا رہائیشی ارسلان، چمڑہ منڈی کی سینتیس سالہ خاتون فرحت ،ٹاؤن سٹی کی ستائیس سالہ جویریہ اور راوی روڈ کی ساٹھ سالہ خاتون رفاقت بی بی شامل ہیں۔ ادھر گنگا رام ہسپتال میں گوجرانوالہ کی چھبیس سالہ شکیلہ بھی دم توڑ گئی جبکہ میو ہسپتال میں ڈینگی فیور میں مبتلا عامر روڈ کا صفدر بھی چل بسا جس کے بعد لاہورمیں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک سو بیالیس ہوگئی ہے۔ ڈینگی کے کیسز میں روز بروز اضافے کی وجہ سے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں اور ایک ایک بستر پر چار چار مریض لٹائے گئے ہیں جبکہ برآمدوں میں بینچوں پر بھی متاثرہ افراد کی بڑی تعداد موجود ہے۔ دوسری جانب غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے بھی مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔