لاہور (نمائندہ خصوصی) پرانی انارکلی میں کار سوارمسلح افراد نے پولیس ناکے کے قریب فائرنگ کرکے 4بچوں کے باپ موٹر سائیکل سوار صراف کو قتل کر دیا ہے گوالمنڈی کا چودھری شمشاد علی ساندہ کے علاقہ میں اپنی گولڈ سمتھ کی دکان بند کرکے موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ تھانہ پرانی انارکلی کے قریب سینٹرل ایکسچینج کے سامنے نامعلوم کار سواروں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ وقوعہ سے کچھ دور ہی پولیس ناکے پر موجود اہلکار فائرنگ کی آواز سن کر جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے۔ راہگیروں نے زخمی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ رات گئے تک پولیس مقدمہ درج نہ کر سکی جبکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتول کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکوئوں نے ستوکتلہ میں علی رضا کے گھر سے 7لاکھ، کاہنہ میں جلال دین کے گھر سے 3لاکھ، گجر پورہ میں منظور کے گھر سے 4لاکھ، گرین ٹائون میں سلیم کے گھر سے 3لاکھ، شاہدرہ میں انوار کے گھر سے 5لاکھ، اقبال ٹائون میں فیاض کے گھر سے ساڑھے تین لاکھ، باغبانپورہ میں شبیر کے گھر سے ساڑھے تین لاکھ، مصطفی آباد میں ڈاکوئوں نے عمرا ن ہاشمی کے گھر سے پونے تین لاکھ، شاہدرہ میں ندیم کے ڈیرے سے 4لاکھ، شفیق آباد میں ارمان کی دکان سے 2لاکھ، ملت پارک میں ارشد علی اور اسکی فیملی سے 4لاکھ، جوہر ٹائون میں حمید کے گھر سے 2لاکھ، راوی روڈ میں شہزاد سے ڈیڑھ لاکھ، فیکٹری ایریا میں زرینہ بی بی کے گھر سے سوا دو لاکھ اور کاہنہ میں ثاقب کے گھر سے 3لاکھ روپے کے زیورات، نقدی اور موبائل فونز‘ نشتر کالونی میں اشفاق احمد سے موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی لوٹ لئے۔ گارڈن ٹائون میں مصعب علی ، بادامی باغ میں طارق، فیکٹری ایریا میں امجد علی ، ریس کور س میں سفیان ، لٹن روڈ میں مشتاق، شاہدرہ ٹائون میں اشرف، چوہنگ میں بشیر ، شالیمار میں ناظم علی ، جوہر ٹائون میں تنویر ، لٹن روڈ میں ظفر اور اسکی فیملی ،ہنجروال میں کاشف، شفیق آباد میں اقبال ، اسلام پورہ میں طلعت،لوئر مال میں علی ، برکی میں عاشق ، مناواں میں ارشد ، فیکٹری ایریا میں شاہد کی دکان سے ہزاروں کی نقدی، زیورات اور موبائل فونز، اچھرہ میں نعمان سے ایک لاکھ اور موبائل فون چھین لیا، سمن آباد، سول لائن ، ڈیفنس ، گارڈن ٹائون اور جوہر ٹائون سے 5 گاڑیاں جبکہ ریس کورس ، مغل پورہ ، قلعہ گجر سنگھ، نولکھا، لٹن روڈ، اسلام پورہ ، شاہدرہ ٹائون ، جوہر ٹائون ،ستوکتلہ، شفیق آباد اور اچھرہ سے 11 موٹر سائیکلیں چوری ہوگئی ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38