پاکستان میں جنگلات کی کمی سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں، صوبائی وزیرآبپاشی محسن لغاری
صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کی کمی سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں جس کا سدباب کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگلات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام پھلوں کے درخت لگانے کی مہم کاآغاز کرنے کی تقریب سے کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پرنسپل کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے امرود کا درخت لگا کر مہم کا آغاز کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن لغاری نے کہا کہ دھواں خارج کرنے والی مشینری ماحول کو آلودہ کرنے کا سبب بن رہی ہے جس پر قابو پانے کیلئے معاشرے کے افراد اوردیگر سٹیک ہولڈرز کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب و آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بلین ٹری سونامی کی طرح پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کئی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پودا لگانے کے بعد اس کی دیکھ بھال بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے کہا کہ پھلدار درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے جاری مہم میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس میں ایک ہزارپودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے بیری کے معدوم ہوتے درختوں کے پیش نظر کیمپس میں دو سو بیری کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ پرندے بھی ہجرت کرتے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمداختر نے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک پودے لگا کرپنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر،چیئر پرسن شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر سیدہ مہناز، اقامتی آفیسر دوئم جلیل طارق سمیت مختلف شعبہ جات سے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد نے کہا کہ دنیا کو بچانا ہے تو ماحول کو بہتر بنانا ہو گاجس کیلئے درخت لگانا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کیمپس میں ایک لاکھ درخت لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ چیئرپرسن شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر سیدہ مہنازنے کہا کہ ہر شہری کو شجر کاری مہم میں حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران دونوں گراونڈں میں پانچ سو درخت لگائے جائیں گے۔