نشتر میں کرونا سے مزید 2 جاں بحق‘ ہلاکتوں کی تعداد 188 ہو گئی
ملتان(سپیشل رپورٹر)نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس میں مبتلا 21 سالہ مریضہ سمیت ایک اور مریض جاں بحق۔ تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈ میں زیر علاج ڈیرہ غازیخان کی 21 سالہ سندس اور 55 سالہ اے بی کریم نے دم توڑ دیا،یوں نشتر ہسپتال میں یکم اپریل سے دو نومبر کے درمیان اموات کی مجموعی تعداد 188 ہو گئی ہے،جبکہ دوسری جانب کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔نشتر ہسپتال میں زیر علاج کورونا کہ مریضوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے جبکہ 06 مریضوں کا وینٹی لیٹر پر منتقل کر کے علاج جاری ہے۔ادھر کورونا کے شبہ میں 47 مریض زیر علاج ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ادھر رواں سال نشتر ہسپتال میں کورونا کے شبہ میں 2 ہزار 246 افراد رپورٹ ہوئے جن میں سے 759 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ملتان سے کرائم رپورٹر کے مطابق گزشتہ روز محکمہ تعلیم کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حرم گیٹ کی خاتون ٹیچر شازیہ تبسم غفاری کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر تاحکم ثانی سیل کردیا گیا ہے ۔