وزیر اعلیٰ سندھ سے چیئرمین کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی ملاقات
ملتان ( خبر نگار خصوصی )پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر جسومل کی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کراچی میں ملاقات۔ملا قات میں کاٹن کراپ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے متعلق گفتگو ہوئی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کاٹن کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی یقین دہانی کر وائی ہے اور اس سلسلہ میں سکرنڈ سیڈ کارپوریشن کے کردار کو متحرک کر نے اور سرٹیفائیڈ سیڈ کی دستیا بی کو یقینی بنانے کے لیے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ مالی بحران سے دوچار کاٹن جنرز پرصوبائی ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن میں 100 گنا اضافہ کے خاتمہ کی بھی یقین دہانی کر وائی ہے جس سے سندھ کے کاٹن جنرز بھی پنجاب کی طرح یکساں ریٹ پر ادائیگی کریں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے جعلی زرعی ادویات کمپنیوں کے خاتمے کے لیے بھی خصوصی طور پر احکامات جاری کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے اگر کوئی فصل نکال سکتی ہے تو وہ کپاس کی فصل ہے لہٰذا ہم اس پر بھر پور توجہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاٹن کراپ ہمارے ملک کی اہم فصل ہے جس کو قطعاً نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور آنے والے وقت میں کاٹن کراپ بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔