چھوٹے تاجروں سے انتظامیہ ناانصافی کر رہی ہے، سلیمان صدیقی
ملتان (سماجی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرو ل کمیٹیاں چھوٹے تاجروں پر ظلم ڈھانے کی بجائے مہنگائی میں اضافے کا سبب بننے والے مینو فیکچررز ، ہول سیلرز کے خلاف کاروائی کو یقینی بنائے کیونکہ چھوٹے تاجر پہلے ہی کئی ماہ کے دوران کورونا کے باعث معاشی طور پر تباہ و برباد ہوچکے ہیں اس کے باوجود انہیں بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں اور پابند سلاسل کیاجارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینٹ میں اے بی ایم مار ٹ کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر محمد رفیق، محمد بلال، محمد عتیق، مجیب الرحمن، عبدالعلیم، محمد شفیق موجود تھے کریانہ ریٹلیز ایسوی ایشن پنجاب کے صدر میاں آفاق انصاری نے کہا کہ چھوٹے دوکاندار شہریوں کو مناسب نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ان پر مہنگائی کی آڑ میں ظلم کی انتہا کردی گئی ہے خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہاکہ مافیا کو گرفت میں لینے کی بجائے مڈل کلاس طبقہ کے چھوٹے تاجروں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اگر یہی صورتحال جاری رہی تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان آئندہ ضلعی انتظامیہ کی ناانصافی کے خلاف احتجاج پر مجبور ہو جائے گی ۔