ریونیوافسران ہر قیمت پر اپنے اہداف مقررہ وقت پر حاصل کریں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ ریونیو افسران ہر قیمت پر اپنے اہداف مقررہ وقت پر حاصل کریں،سہ ماہی بنیاد پر ریونیو ہدف حاصل کر کے اس کی رپورٹ ایڈمنسٹریٹر سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے، کے ایم سی مارکیٹوں میں کاروبار کرنے والے دکاندار وقت پر کرایہ ادا کریں بصورت دیگر ان کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی، لائٹ ہاس سے ہٹائے گئے دکانداروں کے لئے لی مارکیٹ کے قریب جدید طرز کا شاپنگ پلازہ تعمیر کیا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ کر رہے تھے جبکہ لائٹ ہاس مارکیٹ یونین کے رہنما حبیب الرحمن، نظام الدین، عباس، احمد شاہ اور فرحان بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ لائٹ ہاس مارکیٹ، لنڈا بازار میں مسمار کی گئیں 297 دکانوں کے متبادل کے طور پر لی مارکیٹ کے قریب ایک شاندار اور جدید شاپنگ پلازہ بنایا جا رہا ہے، اس چار منزلہ عمارت کے دو فلور شاپنگ سینٹر آنے والے خریداروں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مختص کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو پارکنگ میں مشکلات نہ ہوں اور اطمینان سے خریداری کرسکیں، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو دی گئی بریفنگ میں وفد کے اراکین نے بتایا کہ شاپنگ پلازہ کا ڈیزائن اور ایلوکیشن کے نقشے تیار ہیں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظوری کے فوری بعد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔