آرزو فاطمہ کیس: سندھ ہائیکورٹ کا لڑکی کو بازیاب کروا کر دارالامان بھیجنے کا حکم
کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کرنے والی آرزو فاطمہ کو بازیاب کروا کر دارالامان بھیجنے کاحکم دے دیا۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں اسلام قبول کرنے کے بعد پسند کی شادی کرنے والی آرزو فاطمہ کے کیس کی سماعت جسٹس امجد سہتو نے کی۔دوران سماعت جسٹس امجد سہتو نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم قانون کے مطابق چلیں گے عدالت جذباتی نہیں ہوتی، یہاں قانون موجود ہے، کم عمری کی شادی نہیں ہوسکتی، قانون کی خلاف ورزی ہوگی تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے لڑکی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیے جانے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی سندھ و دیگر کو 5 نومبر کے لیے نوٹس جاری کر دیئے گئے۔عدالت کی جانب سے اپنے ریماکس میں کہا گیا کہ لڑکی کی بازیابی کے بعد دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔