کراچی: کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سرینا موبائل مارکیٹ سیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے سرینا موبائل مارکیٹ کو سیل کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اور مقامی انتظامیہ نے شکایات موصول ہونے کے بعد رات گئے سخی حسن پر واقع سرینا موبائل مارکیٹ کو سیل کردیا۔نارتھ ناظم آباد میں واقع سرینا موبائل مارکیٹ میں کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے چھاپہ مارا اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر مارکیٹ کو سیل کردیا۔موبائل مارکیٹ سیل کرنے کے دوران پولیس کی مدد لی گئی، مارکیٹ کے مرکزی دروازے پر بندش کا حکم نامہ بھی چسپاں کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور دکانداروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد نے بتایاکہ تمام مارکیٹیں ایس او پی کی خلاف ورزی کررہی تھیں اور عوام کو بھی کورونا کے وقت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا جبکہ مارکیٹ عہدیداروں سے ملاقات اور ان کی یقین دہانی کے بعد ہی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دیں گے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ این سی او سی نے سختی سے کرونا ایس او پی پر عمل درآمد کروانے کو کہا ہے تاہم مارکیٹ میں دکانداروں نے سینیٹائزر نہیں رکھے تھے اور نہ ہی ماسک اورگلووز پہنے ہوئے تھے۔