اسلام آباد ہائیکورٹ نے روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق حکومتی پالیسی پر جواب طلب کرلیا
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے پی آئی اے کے نیویارک میں واقع روزویلٹ ہوٹل کی بندش کیخلاف دائر درخواست پر حکومت سے روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق پالیسی بارے جواب طلب کرتے ہوئے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایات لیکر آئندہ سماعت پر آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل طارق اسدوکیل نے کہاکہ نیو یارک میں قائم قومی عمارت روزویلٹ ہوٹل کو اپارٹمنٹس اور دفاتر میں تبدیل کیا جا رہا ہے،روزویلٹ ہوٹل کی اپنی ایک تاریخی اہمیت ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی روزویلٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ پہلے بھی اس حوالے سے درخواست آئی تھی،حکومت کے بیان کے بعد درخواست نمٹا دی تھی،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل حکومت سے پالیسی سے متعلق ہدایات لیکر آگاہ کریں،وکیل نے کہاکہ اگر ہوٹل کی عمارت کی نیچر بھی تبدیل کریں گے تو ملین ڈالر خرچ ہو جائیں گے، عدالت روزویلٹ ہوٹل کی بندش روکنے اور کاروبار جاری رکھنے کا حکم دے، عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔