انجمن پٹواریان اے سی آفس کے اسٹینو ،کلرک سٹاف کیخلاف سراپا احتجاج
فتح جنگ (نامہ نگار ) تحصیل فتح جنگ میں محکمہ مال کے پٹواریوں اور تحصیل آفس کے کلرک سٹاف اے سی آفس کے اسٹینو حاجی نذیر اعوان کے ناروا سلوک اور تضحیک آمیز رویہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ، اور انہوں نے گزشتہ کئی سالوں سے اس اہم پوسٹ پر تعینات متعلقہ اسٹینو کے فوری تبادلے کا مطالبہ کردیا اس سلسلے میں انجمن پٹواریان کا ہنگامی اجلاس فتح جنگ میں منعقد ہوا جس میں تحصیل بھر کے تمام پٹواریوں ،کلرک سٹاف او رنائب قاصدان بھی موجود تھے ہنگامی اجلاس میںاے سی آفس کے اسٹینو حاجی نذیر اعوان کی جانب سے تمام ماتحت عملے کے ساتھ روا رکھے گئے ہتک آمیز سلوک ،عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بلیک میلنگ دیگر الزامات عائد کئے گئے مشترکہ ہنگامی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ متذکرہ اسٹینو کے آئے روز ہتک آمیز سلوک سے تحصیل آفس ،اے سی آفس کے کلرک ونائب قاصدان اور محکمہ مال کے تما م پٹواری تنگ آگئے ہیںاب ہم سے مزید یہ سلوک برداشت نہیں ہوسکتاانہوں نے صوبائی وزیر مال پنجاب کرنل (ر) ملک محمد انور خان ،کمشنر راولپنڈی ڈویثرن کیپٹن (ر) محمد محمو د،ڈپٹی کمشنر اٹک ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اٹک شہریار عارف ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالماجد ،اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ عظیم شوکت اعوان سمیت تحصیلدار فتح جنگ ودیگر کو مشترکہ اعلامیہ کی کاپیاں ارسال کرتے ہوئے ان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔