ایف بی آر نے 1400 ارب ٹیکس وصولی 128 ارب کے ریفنڈ جاری کئے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی کے پہلے چار ماہ (یکم جولائی تا 31 اکتوبر 2021) کے دوران 1400 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال 21-2020 (جولائی تا اکتوبر) کے دوران مجموعی طور پر 1400 ارب روپے خام ریونیو جب کہ 1337ارب روپے کا خالص ریونیو حاصل کیا ہے جب کہ پچھلے سال ان ہی چار ماہ میں 1288 ارب روپے نیٹ ریونیو حاصل کیا گیا تھا۔ اس طرح رواں سال جولائی تا اکتوبر 77 ارب روپے گراس ریونیومیں اضافہ حاصل ہوا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ایف بی آر نے انکم ٹیکس کی مد میں 470ارب روپے، سیلز ٹیکس سے 643 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 81 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 206 ارب کا ریونیو حاصل کیا۔ ایف بی آر کو اکتوبر 2020 میں محاصل کی مد میں 333ارب روپے حاصل ہوئے جو کہ پچھلے سال 325 ارب روپے تھے۔ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 128ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 52 ارب روپے کے تھے۔ ماہ اکتوبر میں 15 ارب کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جو کہ پچھلے سال اکتوبر میں 4.5 ارب تھے۔ کرونا وبا کے باعث معیشت کی سست روی اور فنانس ایکٹ 2020 میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مد میں خاطر خواہ ٹیکس ریلیف دینے کے باعث درآمدی سطح پر 2 فیصد ریونیو میں کمی کے باوجود ایف بی آر نے قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مقامی وصولیوں میں 13 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے جو کہ ٹیکس گزاروں کا حکومت کے ریونیو اقدامات پر اعتماد کی عکاسی بھی کرتا ہے۔