کراچی میں فلاحی پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس، تمام ملزمان کو پیش ہونے کی ہدایت
اسلام آباد(نا مہ نگار)احتساب عدالت نے کراچی میں فلاحی پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے سماعت کی، سماعت کے دوران ملزمان کی حاضری لگائی گئی جبکہ سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی حسین سید کے شریک ملزمان عبدالغنی مجید اور آغا شیر شاہ غیر حاضر تھے، عدالت نے کہاکہ فرد جرم عائد ہونا تھی ملزمان پیش کیوں نہیں ہو رہے ؟ جس پر عبدالغنی مجیدکے وکیل نے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود ہمیں ریفرنس کی کاپی آج تک نہیں ملی ،نیب پراسیکیوٹرنے کہاکہ ہم نے ریفرنس کی نقول جمع کروا رکھی ہیں یہ وہاں سے وصول کر لیں،جس پرعدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی نقول لیکر آدھے گھنٹے بعد دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کیساتھ سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کر دیاجس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر عدالت نے غیر حاضر ملزمان عبدالغنی مجید اورآغا شیرشاہ سمیت تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فردجرم عائد کرنے کی کاروائی بھی 17نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ادھر عبدالغنی مجید کے وکیل کو ریفرنس کی کاپی فراہم کردی گئی۔