راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ ،اہداف کو ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کریں،کمشنر
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کے تمام مجوزہ انڈر پاسز کی لمبائی، ان پر اخراجات کا تخمینہ اور ان کے ڈیزائن کی تجاویز کے بارے میں مکمل رپورٹ مرتب کرکے ایک ہفتہ تک پیش کی جائے اور تمام انڈر پاسز میں سے بارش کے پانی کے انخلاء کی جامع منصوبہ بندی کی جائے یہ بات انہوں نے رنگ روڈ منصوبہ سمیت راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ راولپنڈی نازیہ پروین سندھن، ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمارہ خان، ایڈیشنل کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ملیحہ جمال، نیسپاک کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ پر کام کرنے والے افسران اور اہلکار متعین کردہ اہداف کو ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کریں اور تاخیری حربے استعمال کرنے، نااہلی کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف بلا تخصیص سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کا منصوبہ راولپنڈی کے عوام کے لئے انتہائی اہم ہے جس کے راولپنڈی کے رہائشیوں کی معاشی اور شہری زندگی پرمثبت اثرات مرتب ہونگے اکنامک زونز کا قیام رنگ روڈ کے منصوبہ کا کلیدی جزو ہے اور انکی حتمی منصوبہ بندی کے لئے اور صنعتی مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی زمین کے تحفظ کے لئے محکمہ انڈسٹریز پنجاب کے تعاون سے قانونی کاروائی جلد مکمل کی جائے۔ انہوں نے اکنامک زونز کے قیام کے لئے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے جاری مشاورت کو سراہا اور کہا کہ اکنامک زونز کو حقیقی معنوں میں فائدہ مند بنانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ازحد ضروری ہے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ میں چک بیلی اور اڈیالہ روڈ کے درمیان بھی انٹرچینج کے قیام کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ اس حوالے سے عوامی مطالبہ پیش کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ اڈیالہ انٹرچینج کا نام خاصالہ انٹرچینج رکھنے کی تجویز بھی عوامی حلقوں کی طرف آئی ہے رنگ روڈ منصوبہ میں عوامی مفادات اور ماحولیاتی تقاضوں کو سامنے رکھ کر کام کیا جائے گا اجلاس میں راولپنڈی میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر، آر ڈی اے اور واسا کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔