راول ڈیم پارک کو عوام کی سیرو تفریح کیلئے کھولنے کی ہدایت
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے آبی وسائل کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے اسلام آباد کے پانی کے مسئلے کے حل کے لئے اہم فیصلہ کیا جس کے تحت اسلام آباد کے لئے راول ڈیم سے دو ملین گیلن پانی جو 1996ء میں بند کر دیا گیا تھا، کی بحالی کے احکامات جاری کئے گئے جس سے اسلام آباد میں پانی کی کمی کا مسئلہ بھی حل ہو گا۔ اجلاس میں راول ڈیم میں پانی کی صورتحال ،اپ گریڈیشن بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے راول ڈیم پارک کو عوام کی سیرو تفریح کے لئے کھولنے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔