پی ایس ایل بقیہ میچز ‘فاف ڈوپلیسی بھی حصہ بنیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) فاف ڈوپلیسی پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔ ایڈیشن فائیو کے بقیہ چار میچز میں 21 غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے، جنوبی افریقہ کے 7، انگلینڈ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 4، بنگلہ دیش کے 2 جبکہ آسٹریلیا اور نیوز ی لینڈ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کریں گے۔ ایونٹ کے پلے آف میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ فاف ڈوپلیسی نے اس سے قبل 2017 میں آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ وہ اب کیرون پولارڈ کی جگہ پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈیلپورٹ (کراچی کنگز) ، ڈین ویلاز ، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز) ، رائیلی روسو، عمران طاہر (ملتان سلطانز) اور ہارڈس ولیجوئن (پشاور زلمی) بھی لیگ کے بقیہ میچوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ایلکس ہیلز (کراچی کنگز) اورجیمز ونس (ملتان سلطان) سمیت انگلینڈ کے چھ کرکٹرز نے بھی لیگ کے بقیہ میچوں میں شرکت کیلئے آمادگی ظاہر کردی ہے۔ دیگر انگلش کرکٹرز میں سمیت پٹیل (لاہور قلندرز)، ایڈم لیتھ، روی بوپارہ(ملتان سلطانز)اور لیام لیونگ سٹون (پشاور زلمی) شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن اور روتھرفورڈان میچز میں کراچی کنگز جبکہ کارلو س بریتھ ویٹ اور ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔روتھر فورڈ کو کرس جارڈن کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال(لاہور قلندرز)اور محمود اللہ (ملتان سلطانز) جبکہ آسٹریلیا کے بین ڈنک (لاہور قلندرز) اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگھن (کراچی کنگز) بھی بقیہ میچوں میں شرکت کریں گے۔