آپؐ حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی دعا اور حضرت عیسیٰؑ کی بشارت تھے: مولانا فضل الرحمنٰ بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمنٰ بن محمد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی دعا اور حضرت عیسیٰؑ کی بشارت تھے اور آپؐ کی آمد کا تذکرہ اور اشارہ تمام آسمانی صحیفوں میں موجود ہے۔ اﷲ کے آخری پیغمبر اور رسول ہونے کے ناطے آپؐ کا مرتبہ اور شان اس سے کہیں بلندو بالا ہے جس کا اظہار ہم کرتے ہیں۔ آپؐ سے محبت اور عقیدت کا تقاضا یہ ہے کہ آپؐ کے تمام فرامین اور سنتوں‘ اسوہ حسنہ کو اپنایا جائے اور حضورؐ کی ولادت باسعادت سے کفر و شرک کے ایوانوں میں زلزلہ پیدا ہو گیا۔
آپ کے ارشادات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی کوشش کی جائے کیونکہ انسان کو جس سے محبت‘ لگن اور عقیدت ہوتی ہے خود کو ان جیسا بننے کی کوشش کرتا ہے تاکہ قیامت کے روز ہماری شفاعت کرتے ہوئے آپؐ کو ہمارے اعمال کے بارے میں افسوس نہ ہو۔ آپؐ نے ہمیں جن کاموں اور باتوں سے منع فرمایا ان سے باز رہیں اور اجتناب کریں۔ ہمیں آج سے ہی کوشش کرنی چاہئے اور دعا کرنی چاہئے کہ اﷲ کریم ہمیں آپؐ کے صحیح مقام و مرتبہ کو سمجھنے کی توفیق اور سچی محبت پیدا فرمائے جس میں دکھاوا اور نمائش کا شائبہ تک نہ ہو جو صرف دل سے کی جائے۔