دھرنے: لاہور، کاشغر کے درمیان آج چلنے والی بس سروس مؤخر

لاہور (این این آئی) پاکستان اور چین کے درمیان بس سروس کا باقاعدہ آغاز آج (ہفتہ) 3 نومبر سے ہونا تھا تاہم کشیدہ صورتحال کے باعث اسے مؤخر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے چین کے شہر کاشغر تک نارتھ ساتھ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ (این ایس ٹی ایس)کی بسیں چلیں گی جس میں مسافروں کو آرام دہ اور لگژری سفر کے ساتھ دیگر سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ نجی کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ بس سروس کا باقاعدہ آغاز 3 نومبر کو کیا جانا تھا جس کے لیے بکنگ بھی ہوچکی تھی تاہم کشیدہ صورتحال کے باعث اب پہلی بس لاہور سے کاشغر کے لیے 5 نومبر کو روانہ ہوگی۔ لاہور سے ہفتے میں چار روز ہفتہ، اتوار، پیر اور منگل کو بس کاشغر کے لیے روانہ ہوگی جبکہ کاشغر سے لاہور کے لیے بس منگل، بدھ، جمعرات اور جمعے کے روز روانہ ہوگی۔ لاہور سے کاشغر تک یکطرفہ کرایہ 13ہزار روپے جبکہ لاہور سے کاشغر اور کاشغر سے لاہور دو طرفہ کرایہ 23 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔