ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل گیارہویں سیریز شاہینوں کے نام‘ نیوزی لینڈ کو دوسرے میح میں بھی شکست
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی جب کہ یہ پاکستان کی مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے جو اپنے نام کی ہے جبکہ شاہین آفریدی مین آف دی میچ قرار پائے ۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا اور ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری اور فخر زمان 24 رنز بناکر ملنے کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اورآصف علی کے درمیان 55 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی اور بابر اعظم 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیویز کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں کیا اور ٹیم کو اچھا اسکور فراہم کیا۔ نیوزی کی پہلی وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پر گری جب گلین فلپس 5 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔کیویز کے دوسرے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی کولن منرو تھے جو 44 رنز بناکر حفیظ کا شکار بنے جب کہ گرینڈ ہوم 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جنہیں عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔روز ٹیلر 3 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ ولیم سن 44 اور سیفرٹ 11 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، ٹم ساؤتھی کھاتے کھولے بغیر رن آؤٹ ہوئے۔کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے جب کہ کولن منرو 44، اینڈرسن 44 اور ولیم سن 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔