رونالڈو مسلم جوڑے میں علیحدگی کی وجہ بن گئے
ملتان(سپورٹس ڈیسک) رونالڈو کی جیت پر جشن منانا ایک شادی شدہ خاتون کو مہنگا پڑ گیا اور معاملہ علیحدگی تک جاپہنچا۔سعودی میڈیا کے مطابق 20 سالہ عرب خاتون نے عدالت میں خلع کی درخواست دائر کی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ریال میڈرڈ کی جیت پر خوشیاں منانے پر شوہر نے اس سے بدکلامی کی اور مارا پیٹا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ میری تضحیک کی گئی جس پر وہ شوہر کے ساتھ نہیں رہ سکتیں اور خلع چاہتی ہیں۔رپورٹ میں جوڑے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی البتہ یہ بتایا گیا ہے کہ شوہر بارسلونا کا سپورٹر تھا اور ٹیم کی شکست پر وہ افسردہ تھا جب کہ اس کے برعکس خاتون ریال میڈرڈ کی جیت پر خوشیاں منارہی تھی، جشن کے دوران اس نے رونالڈو کی تعریفوں کے پل باندھ دیے جو شوہر کو ناگوار گزرا۔ بیوی کی طرف سے غیر مرد کے لیے خوشیاں منانے پر شوہر کو بے عزتی محسوس ہوئی اور اس نے شدید غصے کا اظہار کیا۔شوہر کی جانب سے ردعمل آنے پر بیوی کو صدمہ ہوا اور وہ گھر چھوڑ کراپنے والدین کے پاس چلی گئی اور بعدازاں اس نے خلع کے لیے درخواست جمع کرادی۔