خطہ پوٹھوہار میں خشک سالی سے مونگ پھلی کے کاشتکاربھی پریشان
دولتالہ سکھو( محمد ریاض چشتی )خطہ پوٹھوہار میں خشک سالی سے مونگ پھلی کے کاشتکاربھی پریشانی کا شکار،بارشیں نہ ہونے سے مونگ پھلی کی تیار فصل کو زمین سے اکھیڑنے میں مشکلات کا سامنا،کسان قیمتاََ واٹر ٹینکروں کے ذریعے کھیتوں میں پانی ڈال کرزمین نرم کرنے کے بعد بلیڈ لگا کر مونگ پھلی کی فصل کو اکھیڑنے پر مجبور،تفصیلات کے بعد خطہ پوٹھوہار کے کسان بارشیں نہ ہونے پر ایک طرف گندم کی کاشت نہیں کر پارہے تو دوسری طرف مونگ پھلی کی تیار فصل کو بھی حتمی شکل دینے میں مشکلات سے دوچار ہیں، خشک سالی سے زمین ضرورت سے زیادہ سخت ہوچکی،جس کے باعث مونگ پھلی کی فصل کوزمین نرم کیے بغیر اکھاڑتے وقت زیادہ پھل زمین کے اندر ہی رہ جاتا ہے،واٹر ٹینکر کے ذریعے پانی ڈال کر زمین نرم کرنے سے لاگت میں اضافہ کیساتھ ساتھ وقت کا ضیاع بھی ہو رہا ہے۔کسانوں نے عوام الناس اور علماء کرام سے آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں بارش کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل کی ہے۔