نوازشریف کی واپسی سے کچھ لوگوں کو مایوسی ہوئی تو کیا کر سکتی ہوں: مریم نواز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف جاتی عمرہ سے مزنگ میں ماجد ظہور ایم پی اے کے این اے 120کے بیگم کلثوم نواز کے مرکزی دفتر پہنچیں تو وہاں سڑک پر جمع ہونے والے مسلم لیگی کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا‘ ان کے اور میاں نواز شریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی جبکہ اس موقع پر کارکنوں نے مریم نواز پر گل پاشی بھی کی۔ اس موقع پر ماجد ظہور ایم پی اے کے ساتھ یونین کونسل 57کے چیئرمین سمیع بٹ‘ وائس چیئرمین میاں اخلاق‘ مسلم لیگ ن کے کوآرڈینیٹر محمد علی چغتائی سمیت کونسلر امجد بلا‘ اشفاق ٹائیگر‘ کامران‘ رمیز چشتی و معززین حلقہ موجود تھے۔ مریم نواز کو این اے 120کے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے علاقے کے مسائل دریافت کئے اور جو ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ان کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی دفتر کے باہر میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے واپس آنا ہی تھا لیکن ان کی واپسی سے کچھ لوگوں کو مایوسی ہوئی۔ یہ اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہے کہ وہ کس کو اقتدار میں رکھتا ہے‘ کسی کو اقتدار سے باہر رکھنا یا اقتدار میں لانا اور کسی کے بس کی بات نہیں۔ اللہ کا حکم ہوتا ہے اور عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ کس کو اقتدار دینا ہے۔ انہوں نے خاندان میں رنجش کی باتوں کو غلط قرار دیا اور کہا کہ خاندان میں اختلافات کی خبریں دینے والوں کو مایوسی ہو گی۔ نوازشریف نے واپس آنا ہی تھا اگر کچھ لوگوں کو ان کی واپسی سے مایوسی ہوئی ہے تو میں کیا کہہ سکتی ہوں اور 2018ء میں عوام کی طاقت سے ہی مسلم لیگ (ن) دوبارہ اقتدار میں آئے گی، اسحاق ڈار کی رنجش کی بات میں کوئی حقیقت نہیں اور ایسی توقعات رکھنے والوں کو ناکامی ہو گی۔