ڈاکٹر طاہر امین نے زکریا یونیورسٹی سے کرپشن ختم کر کے تعلیم و تحقیق کو فروغ دیا
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) زکریا یونیورسٹی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین کی دو سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی جس میں دعوی ٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں یو نیورسٹی میں ہر کام میرٹ پر کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے یونیورسٹی سے ہر سطح پر کرپشن کو ختم کر کے تعلیم اور تحقیق کو فروغ دیا۔ اقربا پروری اور بے ضابطگیو ں کے بارے میں ایک مخصوص گروہ پروپیگنڈا کر رہا ہے جن کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ وائس چانسلر کے چارج سنبھالنے کے بعد نہ صرف یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول میں بہتری آئی ہے بلکہ یونیورسٹی کو درپیش دیگر مسائل بھی قانون کے مطابق حل کئے گئے۔ وائس چانسلر کی قیادت میں کئی سالوں کی تاخیر کا شکار منصوبہ جات اور حل طلب مسائل پر خصوصی توجہ دے کر ان کو حل کیا گیا۔ یہ پچھلے دو سال کی محنت کا نتیجہ ہے کہ یونیورسٹی اب عالمی سطح کی رینکنگ میں شامل ہو چکی ہے۔ یونیورسٹی میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے التوا کا شکار سپورٹس کمپلیکس بھی جلد مکمل کر کیا جائے گا۔ یونیورسٹی میں غیر قانونی اور منفی کارروائیوں میں ملوث افراد سے بلاتفریق سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔