نوازشریف کیخلاف ریفرنسز یکجا ہوئے تو فرد جرم دوبارہ عائد ہونے کا امکان ہے
لاہور( ایف ایچ شہزاد) احتساب عدالت نے میاں نواز شریف کی درخواست پر زیر سماعت تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے کا فیصلہ دیا تو فرد جرم بھی دوبارہ عائد کئے جانے کا امکان ہے ورنہ پہلے سے شروع کی گئی عدالتی کارروائی جاری رہے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے ریفرنسز کو یکجا کرنے کی میاں نواز شریف کی درخواست پر از سرنو سماعت کے حکم کے بعد احتساب عدالت میں آج پہلی سماعت ہو گی۔ میاں نواز شریف کے وکلا ریفرنسز کو یکجا کرنے جبکہ پراسیکیوشن کے وکلا تینوں ریفرنسز کی کارروائی علیحدہ علیحدہ چلانے کے حق میں دلائل دینگے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کا ریفرنسز کو علیحدہ علیحدہ چلانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے یہ حکم دیا ہے کہ اس درخواست کو دوبارہ سن کر فیصلہ کیا جائے، عدالتی کارروائی میں بڑی تبدیلی کا امکان اسی صورت میں ہے اگر عدالت نے تینوں ریفرنسز یکجا کر دیئے۔ ایسی صورت میں فرد جرم دوبارہ عائد ہونے کے ساتھ استغاثہ کے گواہوں کی فہرست بھی دوبارہ پیش کی جائیگی۔