ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کو سرنڈر کر کے سیکرٹری تعلیم کی ڈسپوزل پر بھیجنے کی ممانعت
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سیکرٹری ڈاکٹر اللہ بخش نے صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن اتھارٹیز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ آئندہ کسی بھی ہیڈ ماسٹر اور پرنسپل کو سرنڈر کر کے سیکرٹری ایجوکیشن کی ڈسپوزل پر نہ بھیجا جائے بلکہ انتظامی معاملات کو ضلعی سطح پر ہی احسن اندازمیں حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ سی ای اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن نے افسران تعلیم کو مزید ہدایت کی کہ ماتحت عملہ کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کیا جائے کسی افسر کو بداخلاقی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے سی ای اوز کو وزیراعلیٰ روڈ میپ برائے تعلیم پر عمل کرنے اور انرولمنٹ کے اہداف مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔