85 منصوبوں کیلئے 320 ارب روپے مختص
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) نیشنل ہائی وے کونسل کا اجلاس گزشتہ وزارت مواصلات میں وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری ،وفاقی سیکرٹری مواصلات محمد صدیق میمن ، چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ اور کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔کونسل نے 2017-18 کے بجٹ کے تخمینہ جات اور پنجسالہ ترقیاتی منصوبے 2018-23 کی منظوری دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تقریباً 2017-18 کیلئے 320،ارب روپے مختص کئے گئے۔مجموعی طور پر 85 منصوبوں میں سے 72 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 13 نئے منصوبے شامل ہیں ۔مزید برآں2.46،ارب روپے قومی شاہرات کی سالانہ مرمت کیلئے مختص کئے گئے ،جن میں سے تھاکوٹ۔خنجراب سڑک کیلئے 0.25 ،ارب روپے اور شاہراہ قراقرم سکردو سڑک کیلئے 0.075 ،ارب روپے شامل ہیں۔چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے اجلاس کو بتایا کہ این ایچ اے میں انتظامی و مالی اصلاحات کی بدولت گزشتہ تین سالوں میں تقریباً 25،ارب روپے کا ریونیو حاصل کیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ چند سالوں میں اتھارٹی کے سالانہ بجٹ
میں خاطر خواہ ریکارڈ اضافہ کیا گیا ،جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2013-14 میں اتھارٹی کا بجٹ 63،ارب روپے تھا جو کہ 2017-18 میں بڑھ کر 320،ارب روپے ہوگیا۔یہ وفاقی حکومت کانیشنل ہائی وے اتھارٹی پر اس کیلئے مختص بجٹ کے موثر استعمال پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے بتایاکہ این ایچ اے اس وقت ملک کے مختلف حصوں میں 1400 ،ارب روپے کے منصوبوں پرکام کر رہاہے۔انہوں نے کہاکہ چین پاک اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تحت موٹرویز کانیٹ ورک زیر تعمیر ہے اور آئندہ دوسالوں میں اس کی تکمیل سے ملک میں موٹرویز کی لمبائی 2400کلومیٹر ہوجائے گی۔کونسل نے این ایچ اے کے ملازمین کیلئے ٹائم سکیل پروموشن،کم آمدنی والے ملازمین کی ہائرنگ دس ہزار روپے تک بڑھانے اور یوٹیلٹی الائونس کی تجویز کی بھی منظوری دی۔نیشنل ہائی وے کونسل نے متفقہ طور پر گزشتہ چار سالوں میں میگاپراجیکٹس کی بروقت اور کوالٹی تعمیر پر چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ کی خدمات کو سراہا۔وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم نے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے کی انتظامی مہارت ،دیانتداری اور ان کی کام سے لگن کی بدولت موٹرویز نیٹ ورک کی تعمیر کا عظیم ٹاسک مکمل ہورہا ہے۔