پروفیشنل ٹیم مینجمنٹ نے پاکستان کو ٹی 20 کی نمبرون ٹیم بنادیا : نجم سیٹھی کا دعویٰ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹل سروسز کا مشکور ہے جنہوں نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں یادگاری ٹکٹ جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد سمیت ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور دیگر کوچز کی ایک سال کی قلیل مدت میں پاکستان ٹیم آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتی اور ٹی ٹونٹی آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون کی پوزیشن حاصل کی۔ 1992ء کے بعد دوسرا موقع ہے جس پر یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ جس پر پاکستان ٹیم خاص طور پر کپتان سرفراز احمد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ میں پروفیشنل لوگوں کے آنے سے پاکستان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ہوئی، آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنا، آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ون کی پوزیشن حاصل کی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ مستقبل میں ہماری ٹیم قوم کو ایسی خوشیاں مہیا کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہے جو کوچز کی زیر نگرانی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہے۔ ہمارا پورا اعتماد کپتان سرفراز ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ان کی پوری ٹیم پر ہے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی یادگاری ٹکٹ جاری کرنے پر وفاقی وزیر سید امیر زمان، ڈی جی پاکستان پوسٹل سروز مسز روبینہ طیب کے مشکور ہیں جنہوں نے تین ٹکٹ جاری کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں جنہوں نے اس یادگاری ٹکٹ کو جاری کرنے کی منظوری دی۔ پاکستان پوسٹل سروسز اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے پر خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا جس کی خصوصی تقریب قذافی سٹیڈیم میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے ڈاکخانہ جات سید امیر زمان، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، ڈائریکٹر جنرل ڈاکخانہ جات روبینہ طیب اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد تھے۔ اس موقع پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت کوچنگ سٹاف اور کھلاڑی موجود تھے۔ پچاس روپے مالیت کے مین ٹکٹ کے علاوہ دس دس روپے مالیت والے تین ٹکٹ دکھائے گئے ہیں۔ ایک ٹکٹ پر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے ساتھ آٹن ممالک کے پرچم جبکہ دیگر دو ٹکٹس پر فاتح ٹیم کا ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو شامل ہیں۔ تقریب میں موجود کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور پی سی بی آفیشلز میں یادگاری ٹکٹ کے سونیئر تقسیم کیے۔ جبکہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جانب سے وفاقی وزیر امیر زمان اور ڈی جی ڈاکخانہ جات روبینہ طیب کو سونیئر پیش کیے گئے۔ اس موقع پر تقریب میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد , بابر اعظم , فہیم اشرف , رومان رئیس، حارث سہیل، حسن علی کی شرکت ،قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر , بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور , فیلڈنگ کوچ سٹیو ریکسن، اسسٹنٹ منیجر شاہد انور بھی شریک تھے۔