نوازشریف مرضی سے نہیں آئے ‘لایا گیا‘ آزادی ختم قیدوبند کا موسم لوٹ آیا: محمود الرشید
لاہور ( سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف نے واپس آکر ملک قوم پر کوئی احسان نہیں کیا، نہ وہ مرضی سے آئے، انہیں لایا گیا ہے کیونکہ اسکے علاوہ انکے پاس کوئی آپشن ہی نہیں تھا، قوم نے نا اہلی کے بعد میاں صاحب کی آنیاں جانیاں دیکھ لیں، آزادی کا موسم ختم، قید و بند کا موسم لوٹ آیا، اب قوم نئے سوالات سننے کیلئے تیار رہے۔ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف برادر اسلامی ممالک سے بھی مایوس لوٹے، سعودی عرب اور ترکی نے میاں نوازشریف صاحب کے ضامن بننے سے انکار کر دیا ہے، وہ پاکستان خوشی سے نہیں آئے انہیں لایا گیا ہے، سابق وزیراعظم کے پاس آپشن صرف یہی تھا کو وہ عدالتوں میں پیش ہوں۔