یوئیفالیگ ، ٹائٹنم نے ریان میڈر ڈکواپ سٹ کردیا
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) یوئیفا چیمپئنز لیگ میں میں انگلش پریمیئر لیگ کی اہم ٹیم ٹاٹینم اور مانچسٹر سٹی نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی۔ ٹاٹینم نے یورپ کی طاقتور ترین ٹیم ریال میڈرڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-1 گول سے اَپ سیٹ کیا۔ مانچسٹر سٹی نے اٹالین کلب نپولی کو 4-2 گول سے مات دی۔ یوئیفا چیمپئن لیگ کے گروپ ایچ کے سلسلے میں کھیلا گیا میچ رونالڈو الیون اور ٹاٹینم کے درمیان یکطرفہ ثابت ہوا۔ ڈیلے آلے نے انگلش ٹیم کی جانب سے پے درپے 2 گول اسکور کئے یہ گول آلے نے 27 ویں اور 56 ویں منٹ پر کئے۔ ریال میڈرڈ کی جانب سے واحد گول سال کے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے سپر اسٹار رونالڈو نے 80 ویں منٹ پر بنایا۔ اس فتح سے ٹاٹینم اپنے گروپ میں 10 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون بن گئی۔ دوسری جانب گروپ ایف میں مانچسٹر سٹی نے نپولی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4-2 گول سے مات دی۔ انگلش پریمیئر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست مانچسٹر سٹی کی ٹیم حریف ٹیم پر مکمل حاوی رہی۔ ایم سی نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود اٹالین ٹیم کو مات دی۔ نپولی کی جانب سے 21 ویں منٹ پر انسیج نے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی‘ 34 ویں منٹ پر مانچسٹر سٹی کے اوٹمنڈی نے مقابلہ برابر کیا اور 48 ویں منٹ پر اسٹونس نے ایک گول کر کے انگلش ٹیم کو برتری دلوا دی‘ 62 ویں منٹ پر نپولی کے فرلو نے گول بنا کر میچ برابر کیا تاہم 69 ویں منٹ پر ایگارو اور انجری ٹائم میں اسٹار لنگ نے ایک ایک گول بنا کر مانچسٹر سٹی کو 4-2 گول سے فتح دلا دیا۔ اس طرح مانچسٹر سٹی نے گروپ ایف میں اول پوزیشن پر قبضہ کیا ہے۔