قائد اعظم ٹرافی ،کراچی وائٹس اور لاہور وائٹس میچ کا پہلا دن بارش کی نظر
کراچی( اسپورٹس رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں مرحلے کے پہلے دن پول اے میں اسلام آباد نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 25رنز بنائے، عابد علی 3چوکوں کی مدد سے 20رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ قبل ازیں شہزاد اعظم اور حمزہ ندیم کی عمدہ بولنگ کی بدولت اسلام آباد نے لاہور بلیوز کو 220رنز پر پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔ طاہر طیب 85 اور سعد نسیم 56رنز بنائے۔ شہزاد اعظم نے 6 حمزہ ندیم نے 4وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد میں واپڈا نے عامر سجاد اور خوشدل شاہ کی نصف سنچریوں کی بدولت سوئی ناردرن گیس کیخلاف73اوورز کے کھیل میں 283/4اسکور کرلیا۔ عامر سجاد نے 15چوکوں کی مدد سے 88رنز خوشدل شاہ نے 53رنزبسم اللہ خان نے 46رنز بنائے۔ اسد علی اور بلاول بھٹی نے 3، 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ سیالکوٹ میں نیشنل بینک نے سوئی سدرن گیس کیخلاف 203رنز پر 6وکٹیں گنوا دیں۔ حمزہ پراچہ کے 90رنز 11چوکوں کے مرہون منت تھے۔ کامران غلام نے 37رنز کئے۔ عمر امین، اظہر اتاری اور احمد جمال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اقبال اسٹیڈیم میں دھند اور خراب موسم کے باعث میزبان فیصل آباد اور پشاور کے درمیان میچ کا آغاز نہ ہوسکا۔ پول بی میں میرپور کرکٹ اسٹیڈیم آزاد کشمیر میں بالرز کا راج رہا جہاں ایک دن میں 14وکٹیں گر گئیں۔ راولپنڈی نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 149/4اسکور کرلیا۔ عمر وحید نے 14چوکوں کی مدد سے 68رنز کئے۔ سرمد حمید نے 58رنز بنائے۔ قبل ازیں سعد الطاف کی تباہ کن بولنگ کے سامنے فاٹا نے راولپنڈی کے آگے 126رنز پر گھٹنے ٹیک دیئے۔ محمد اسد آفریدی 28رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ سعد الطاف نے 62رنز دے کر 8کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خان ریسرچ لیبارٹریز نے آر ایل گراؤنڈ راولپنڈی میں پاکستان ٹیلی ویڑن کیخلاف بغیر کسی نقصان کے ایک رن کرلیا۔ قبل ازیں پی ٹی وی نے کے آر ایل کیخلاف تمام وکٹوں پر 259اسکور کئے۔ علی خان 82، سعود شکیل 71، تیمور خان 45رنز بنائے۔ نیر عباس اور علی شفیق نے 3، 3 ، صدف حسین نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حبیب بینک نے یو بی ایل کو 178رنز پر آؤٹ کردیا۔ سعد علی 44، شعیب مقصود 29رنز ہی کچھ مزاحمت کرسکے۔ حماد اعظم 21رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمر گل نے 5 جنید خان نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث کراچی وائٹس اور لاہور وائٹس کے میچ میں ایک گیند تک نہیں کرائی جاسکی۔