اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر کیپٹن (ر) صفدرسمیت 7ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت بحال
اسلام آبا د(آئی این پی)الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن (ر) محمدصفدر اور اور پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنماء عائشہ گلالئی سمیت 7ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کر دی جبکہ 45ارکان پارلیمنٹ تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات نہ جمع کراسکے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے کے با عث معطل کئے جانے والے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ، مزید 7ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں جن میں قومی اسمبلی کے 4، خیبر پی کے کے 1 اورسندھ اسمبلی کے 2 ارکان شامل ہیں ، الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی ،رکنیت بحال ہونے والوں میں مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن (ر)محمدصفدراور پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنماء عائشہ گلالئی بھی شامل ہیں،جبکہ 45ارکان پارلیمنٹ تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات نہ جمع کراسکے ۔