گیارہ سال سے بھارت میں قید 3پاکستانی خواتین رہا کردی گئیں
لاہور/گوجرانوالہ /نئی دہلی(صباح نیوز+ نمائندہ خصوصی )منشیاتاسمگلنگ کیالزام میں گیارہ سال سے قید پاکستانی خواتین فاطمہ، ممتاز اور گیارہ سالہ حنا کو رہا کردیا گیا ہے۔بھارت کی امرتسر جیل میں گزشتہ گیارہ سال سے قید دو بہنوں فاطمہ اور ممتاز کو پاکستان واپس آنے کی اجازت مل گئی ہے، دونوں بہنیں گوجرانوالہ کی رہائشی ہیں،جو دوہزار چھ میں سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے اپنے رشتہ داروں سے ملنے بھارت گئیں تو انہیں اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا ۔بھارتی عدالت نے دونوں بہنوں کو ساڑھے دس دس سال قید اور دو دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی اس سال اپریل میں سزا تو ختم ہو گئی لیکن جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کیوجہ سے رہائی نہ مل سکی تھی لیکن اب ایک بھارتی این جی او نے پاکستانی خواتین کی جرمانے کی رقم ادا کر دی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کر کے واپس پاکستان بھیجا گیا ۔بھارت نے جمعرات کو 13پاکستانی قیدیوں کو اٹاری واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کے حوالے کردیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تینوں خواتین کے گوجرانوالہ آبائی گھر دھلے پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا،عزیز رشتہ داروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد فاطمہ کے گھر استقبال کیلئے موجود تھی،گھروالوں نے روایتی کھانوں کا اہتمام کیا تھا۔