امریکہ: سپر سٹور میں فائرنگ‘ خاتون سمیت 3 ہلاک‘ متعدد زخمی
نیویارک (اے ایف پی+ آن لائن) امریکی ریاست کولو راڈو میں سپر سٹور پر فائرنگ میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ میں زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی گرفتاری سے متعلق متضاد اطلاعات ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے عالمی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ منگل کے روز نیویارک میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد جس میں 8 افراد ہلاک اور تقریبا ایک درجن زخمی ہو گئے تھے، وزیراعظم مودی نے صدر ٹرمپ سے فون پر بات کی اور ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ مودی نے اس حملے کو نائن الیون کے بعد امریکہ پر ہونے والا سب سے خطرناک حملہ قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مین ہٹن میں بدترین دہشت گردی کرنے والے کو سزائے موت ہونی چاہئے۔ نیویارک میں ہونے والی بدترین دہشتگردی پر امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ملزم کو نا تو خود پر لگائے گئے الزمات کے دفاع میں کوئی دلچسپی ہے اور نا ہی وہ اس بدترین عمل پر شرمندہ ہے۔ ملزم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ اس نے 8 لوگوں کو ہلاک اور 12 کو زخمی کیا۔ ایسے شخص کو تو سزائے موت ہونی چاہیے۔ امریکی صدر نے امریکی نظامِ انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہمیں سکیورٹی کو مزید سخت کرکے مزید کڑی سزاؤں کا نظام وضع کرنا ہو گا۔ دوسری جانب نیو یارک حملے کے ملزم سیف اللہ سائپوف پر آٹھ افراد کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کے الزام میں دہشت گردی کی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔