پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ‘ ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی دھمکی دیدی
ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ٹرانسپورٹرز اور شہریوں نے مسترد کر دیا ہے ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے جبکہ دوسری صورت میں ملک گیر ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے اس حوالے سے روزنامہ نوائے وقت کے زیر اہتمام موبائل فورم سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن جنرل بس سٹینڈز ملتان صدر رانا محمد اصغر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا حالیہ اضافہ ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتل ہے حکومت عوام اور کاروبایر طبقات کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے جس کا ملبہ شہریوں پر ڈالا جا رہا ہے منی گڈز ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدر حاجی محمود خان اور سینئر وائس چیئرمین دلدار حسین بلوچ نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں پسے ہوئے عوام کو مزید تنگ کرنے کے مترادف ہیں جن کو بدلنے کی ضرورت ہے ناصر حسین اور اشفاق انصاری نے کہا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے اپنے پاؤں پر کلہاڑا مار رہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ الیکشن میں ان کو بری طرح مسترد کر دیں گے ٹرانسپورٹرز رانا مہران اور شکیل احمد میو نے کہا کہ حکمرانوں نے حالیہ اضافے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ٹرانسپورٹر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے اور ملک گیر ہڑتال و مظاہرے کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجود حکومت پر ہو گی مزید براں شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہے مزید پٹرول بم گرا کر جینا محال کیا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ فیصلے سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہو گا۔