سول ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار‘ وکلاء نمائندگان سے عدم تعاون کیخلاف پنجاب بار کی آج ہڑتال کی کال
ملتان (سپیشل رپورٹر)پنجاب بارکونسل نے سول ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار اوروکلاء نمائندگان سے تعاون نہ کرنے کیخلاف آج صوبہ بھرمیں عدالتی بائیکاٹ کی کال دی ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری پنجاب بارکونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سول ججز کی بھرتی کے لئے منعقدہونے والے امتحان کے سلیبس میں غیرضروری مضامین شامل کئے جارہے ہیں جو جاری اشتہارسے متضادہیں جس پر لاہورہائیکورٹ میں رٹ بھی دائر کی گئی نیز پاکستان بار،پنجاب باراورلاہورہائیکورٹ بارکے نمائندگان کو ملاقات کا وقت ہی نہیں دیاگیا ہے اس لئے آج وکلاء احتجاج کریں گے اورصوبہ بھر میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔اس طرح صوبہ بھر کی تمام بار ایسوسی ایشنزکے صدوراورسیکرٹریزکوہدایت کی گئی ہے کہ عدالت پیش ہونے والے وکلاء کی تحریری رپورٹ پنجاب بارکوبھجوائی جائے تاکہ ان وکلاء کے خلاف انضباطی کارروائی کرکے لائسنس منسوخ کئے جاسکیں۔