4 سال حکومت کو کام نہیں کرنے دیا گیا، ایک شخص کے پاس تلوار رہی: گلا لئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایم این اے عائشہ گلا لئی نے کہا ہے کہ چار سال تک حکومت کو کام کرنے نہیں دیا گیا ایک شخص کے پاس تلوار رہی اور وہ وار کرتا رہا میں کسی چیز پر توجہ نہیں دے سکی چار سال تک کام نہیں کرنے دیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے چلتے رہے، احتجاج چلتا رہا، کام نہیں کرنے دیا گیا دھرنے ہوتے رہے، گالیوں کی سیاست چلتی ر ہی جو دھرنے کرتے ہیں ان کی گورننس دیکھیں ان کی گورننس ناکام گورننس ہے۔ خیبر پی کے میں دیکھ لیں اگر آپ وزیراعظم نہیں بن سکے تو کسی وزیراعظم کو کام کرنے نہیں دیا،موجودہ وزیراعظم کو بھی کام نہیں کرنے دیا گیا ایسے شخص سے ملک اور خواتین کو خطرہ ہے، پھر سے کہتے ہیں کہ سڑکوں پر نکلیں گے اگر وہ نکلے تو میں بھی سڑکوں پر نکلوں گی یہ لوگ لاشوں پر سیاست کرتے ہیں ان کی سیاست صرف اقتدار کیلئے ہے۔ عائشہ گلالئی نے عمران خان کا نام لئے بغیر اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ الطاف حسین پارٹ ٹو کو ملک بدر کر کے انگلینڈ میں سسرالیوں کے پاس بھیجا جائے، اس کا گرو شیخ رشید ہے، اس کے پاس گالیاں دینے والا فواد چوہدری، نیب زدہ فردوس عاشق اعوان اور لینڈ مافیا علیم خان ہے، اب عامر لیاقت بھی ان کی ٹیم کا حصہ بن گیا ہے، ایک آدمی اپنے ساتھیوں سے ہی پہچانا جاتا ہے، خود کو سونامی کہتا ہے، سونامی تو عذاب ہوتا ہے، میٹرو کو جنگلا بس کہنے والے اب پشاور 48ارب کا قرضہ لے کر وہی جنگلا بس بنا رہے ہیں، نقل بھی ان کی کرتے ہیں اور گالیاں بھی ان کو ہی دیتے ہیں، پرویز خٹک کا احتساب کون کرے گا،این اے 4میں پرویز خٹک کی نگرانی میں جس طریقے سے دھاندلی ہوئی اس کے ثبوت موجود ہیں، نوشہرہ میں پنجہ گروپ ہے، سارے ٹھیکے اس کے پاس ہیں، ایک شخص کو میرا سیکرٹری بنا کر پیش کیا گیا، اس سے میرا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے، چار سال تک کے پی کے میں عوام کو سہولیات نہیں دی گئیں۔