آل پاکستان لاء انفورسمنٹ ایجنسیز شہداء ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ شروع
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)آل پاکستان لاء انفورسمنٹ ایجنسیز شہداء ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پولیس کے محکموں کی 11ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں،وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری نے اس ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔موٹروے اینڈ ہائی وے پولیس کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالا یہ ٹورنامنٹ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9نومبر تک جاری رہے گاجس میں اسلام آباد پولیس ،ایف ڈبلیو او،ایف آئی اے،ریلوے پولیس،خیبر پختونخوا پولیس،آزاد جمو ں و کشمیر پولیس،سندھ پولیس،پنجاب پولیس،موٹر وے ایجنسی اور موٹر وے پولیس کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔افتتاحی تقریب مرغزار کرکٹ گراونڈ سید پور ویلیج،اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری مہمان خصوصی تھے ،اس موقع پر آئی جی موٹر وے سید کلیم امام ،سابق آئی جی سید کمال شاہ،قومی کرکٹر یاسر شاہ،سابق کرکٹر محمد وسیم اور موٹر وے پولیس کے افسران کی ایک بڑی تعداد تھی۔سب سے پہلے تمام ٹیموں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ٹورنامنٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ شہداء کی فیملیز کیساتھ یکجہتی کا اظہار ہے ،ہم اپنے شہدا ء کو کبھی بھی نہیں بھول سکتے،انہوں نے ملک اور عوام کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں،حکومت شہداء کی فیملیز کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی ۔ قبل ازیں آئی جی موٹر وے سید کلیم امام نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے وزارت مواصلات نے بہت مدد کی ۔تقریب میں شہداء کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی جبکہ محمد جنید انوار چوہدری نے سید مبشر شہید،مکمل شاہ شہید،محمد عباس شہید ،محمد اسلم شہید اور لانس نائیک تنویر حسین شہید کے اہل خانہ میں شیلڈز اور بچوں میں تحائف تقسیم کیئے ۔اس موقع پر محمد جنید انوار چوہدری،سید کمال شاہ اور ایف ڈبلیو او کے سی او کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔آخر میں مہمان خصوصی محمد جنید انوار چوہدری نے گینڈ کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔