افغان صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنر محمد نبی احمدی کو بازیاب نہ کرایا جاسکا ، نجی دورہ پر آئے تھے، حکومت پاکستان کو آگا ہ نہیں کیا گیا تھا، دفتر خارجہ
پشاور(بیورورپورٹ)پشاور کے ڈبگری گارڈن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے افغان صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنر محمد نبی احمدی کو تاحال بازیاب نہ کرایا جاسکا تاہم دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مغوی ڈپٹی گورنر محمد نبی احمدی کے دورہ پاکستان سے متعلق پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی محمد نبی نجی دورہ پر پاکستان آئے تھے جس سے حکومت پاکستان کو آگا ہ نہیں کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ کنڑ کے نائب والی محمد نبی کو پشاور کے علاقے ڈبگری گارڈن سے 27 اکتوبر کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا جس کے چند روز بعد ان کے مزید دو بھائی اور ایک بھتیجا بھی لاپتہ ہوگیا تھا، اس حوالے سے افغان قونصل جنرل معین مرستیال نے کہا تھا کہ محمد نبی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ڈبگری گارڈن ڈاکٹر سے معائنے کی غرض سے آئے تھے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی ہدایت پر آئی جی پولیس نے ڈپٹی گورنر اور ان کے رشتہ داروں کی بازیابی کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے تاہم ان کا تاحال پتہ نہ چل سکا اور نہ ہی کسی تنظیم نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔