باباگورو نانک جنم دن تقریبات‘ 2ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری ننکانہ پہنچ گئے
ننکانہ صاحب/ نارووال (نامہ نگاران) بابا گورو نانک کے 549ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے دو ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچ گئے، ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب پر ڈپٹی کمشنر عامر شفیق، ڈی پی او صاحبزادہ بلال عمر، اسسٹنٹ کمشنر طیب طاہر، ڈی او سول ڈیفنس محمد مبشر ربانی، چیئرمین میونسپل کمیٹی چودھری نعیم احمد سمیت ضلعی ا نتظامیہ محکمہ اوقاف کے افسران نے بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا‘ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں انہیں ہار پہنائے ، جیسے ہی سکھ یاتری ریلوے سٹیشن ننکانہ پہنچے ریلوے سٹیشن کے فضا سکھوں کے مذہبی نعروں سے گونج اٹھی "جو بولے سونہال، ست سری اکال" واہے گوروجی کا خالصہ، واہے گوروجی کی فتح" بھارتی سکھ یاتریوں کو ریلوے اسٹیشن سے سپیشل بسوں کے ذریعے ایلیٹ فورس‘ پولیس کے کڑے حصار میں گورودوارہ جنم استھان پہنچایا گیا جہاں وہ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں، بھارتی سکھ یاتریوں کی ننکانہ آمد کے موقع پر ریلوے روڈ اور اس سے ملحقہ تمام گلیوں کو مکمل طور پر سیل کرکے ریلوے روڈ پر واقع دکانوں کو بند کروادیا گیا تھا۔ ننکانہ صاحب میں دیگر ممالک سمیت اندرون پاکستان سے بھی ہندو اور سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، سکھ یاتری تین روز تک ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے اس دوران سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات اکھنڈ پاٹھ، شبد کیرتن، متھاٹیکی، اشنان اور ارداس کی ادائیگی سمیت گورودواروں کی یاترا کریں گے، سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں سات گورودواروں کی یاترا‘ متھاٹیکی کی رسم کے علاوہ گورودوارہ سچا سودا(فاروق آباد) کی یاترا بھی کریں گے۔ 4نومبر کو تقریبا ت کے آخری روز سکھ یاتری بابا گورونانک کے جنم دن کی خوشی میں گوروگرنتھ صاحب کو چاندی کی پالکی میں رکھ کر نگرکیرتن (جلوس) نکالیں گے جو گورودوارہ جنم استھان سے شروع ہوکر گورودوارہ کیارہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔باباگورونانک کے جنم دن کی موقعہ پریاتریوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ ذوالفقار حمید کاننکانہ صاحب کا دورہ، باباگورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مزید ہدایات جاری کیں۔ یہ ایک انٹرنیشنل فیسٹیول ہے سکیورٹی کے فرائض انتہائی الرٹ ہو کر سر انجام دئیے جائیں۔ دریں اثناء آر پی او شیخوپورہ رینج ذوالفقار حمید نے تھانہ صدر سانگلہ ہل کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کردیا اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کی ویلفیئر کے لئے تمام ممکنہ انتظامات کیے جا رہے ہیں آج تھانہ صدر سانگلہ ہل کی بلڈنگ کا افتتاح کیا اسی لیے پو لیس لائن بھی ضلع ننکانہ میں جلد قائم کردی جائے گی علاوہ ازیں آر پی او شیخوپورہ رینج ذوالفقار حمید نے تھانہ صدر سانگلہ ہل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب چوہدری نعیم احمد کی طرف سے باباگورونانک کے 549ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کرکے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد انوار، سینٹری انسپکٹر امجد کوکب، حاجی محمد اکرم گجر اور رانا منیر احمد کی زیر نگرانی شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں دربار صاحب کرتار پور نارووال میں بابا جی گرونانک دیوجی کے جنم دن کی تقریبات میں بھارت سے آنے والے سکھ یاتری زائرین دربار صاحب کرتار پور مختلف اوقات میں آئیں گے اپنی مخصوص عبادات اور زیارت کریں دربار صاحب کرتار پور کے سیوک سردار گوبند سنگھ کے مطابق آنے والے سکھ یاتریوں کے ضلعی انتظامیہ نے انتہائی فول پروف سیکورٹی انتظامات کر رکھے ہیں جن میں پولیس،حساس ادارے،ریسکیو1122،محکمہ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سیکواڈ،محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ڈسپنری کے علاوہ لنگر کا وسیع انتظام کر رکھا ہے۔ 9 نومبر کو سکھ یاتری زائرین دربار صاحب کرتار پور آئے گی‘ مخصوص انتظامات کیے گئے ہیں سردار گوبند سنگھ کا کہنا تھا کہ محکمہ متروکہ وقف املاک اور پاکستان سکھ گردوارہ پربند کمیٹی اور ڈپٹی کمشنر نارووال علی عنان قمر اور ڈی پی او عمران کشور نے دس روزہ تقریبات میں دربار صاحب کرتار پور میںپاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے فول پروف انتظامات کئے۔