پی پی ایل بلائنڈ کرکٹ: گوجرانوالہ‘ بہاولپور آج فائنل کھیلیں گے
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) بھٹو کرکٹ گراؤنڈ جی۔ سیون میں جاری پی پی ایل بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میچز میں گوجرانوالہ نے پشاورکو 45 رنز سے اور بہاولپور نے میزبان اسلام آباد کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کھیلنے کا عزاز حاصل کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آج جمعہ کو نیشنل کرکٹ گراؤنڈ ایف۔ سیون میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر محمد فریق وہڑہ مہمان خصوصی ہونگے اور ساڑھے تین بجے ہونے والی تقریب تقسیم انعامات میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ سیمی فائنل میں گوجرانوالہ اور پشاور کے میچ میں گوجرانوالہ کے محمد اکرم جہلہ بہاولپور اور اسلام آباد کے میچ میں بہاولپور کے راشد مین آف دی میچ قرار پائے۔