تحریک ختم نبوت کا بابو صابو انٹرچینج پر دھرنا 8 ویں روز جاری
لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک لبیک یارسول اللہ کے ’’کاروان ختم نبوت‘‘ کو لاہور سے چلے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے اور بابو صابو لاہور میں دھرنا دئیے ہوئے آٹھ دن مکمل ہو گئے۔ پارلیمنٹ کے باہر ختم نبوت دھرنے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف آصف جلالی نے کہا آج 3 نومبر کو ختم نبوت کے متوالے پورے ملک میں یوم تحفظ ختم نبوت منائیں گے۔ اسلامیان پاکستان مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال سے پارلیمنٹ کے سامنے دئیے گئے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے ختم نبوت دھرنے کے چھ مطالبات کی حمایت کریں گے۔ عاشقان رسول اپنی نجات کے لئے کاروبار حیات ایک دن کے لئے بند رکھیں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ ختم نبوت کے لئے دکان تو کیا جان بھی حاضر ہے۔ انہوں نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلباء سے اپیل کی ہے کہ صبح اسمبلی میں تاجدار ختم نبوت ﷺ کی صدائیں بلند کی اور ملت کے نونہالوں سے تحفظ ختم نبوت کا حلف لیا جائے چھٹی کے بعد تمام طلباء ختم نبوت ریلیوں اور دھرنوں میں شرکت کریں ۔ اشرف جلالی نے کہا حکومت سے ہماری مذاکراتی کمیٹی کے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے مگر ابھی تک مذاکرات فائنل نہیں ہوئے۔ سوشل میڈیا پر مذاکرات کی جو کاپی پھیلا دی گئی ہے وہ نامکمل ہے ہمارا دھرنا مطالبات کی مکمل منظوری تک بدستور جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آج جمعۃ المبارک پارلیمنٹ کے سامنے 2 بجے پڑھایا جائے گا۔ مولانا جلالی ساڑھے بارہ بجے خطاب شروع کریں گے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ کے سامنے جمعۃ المبارک کی ادائیگی کے لئے آنے والے تمام حضرات کے لئے رکاوٹیں ہٹادی جائیں ۔