رائیونڈ اجتماع شروع ، جہنم سے بجات کا واحد راستہ تبلیغ ہے : مولاناعبدالوہاب
رائیونڈ (نامہ نگار) فرزاندان اسلام کا عظیم الشان 66واں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں بعد نماز عصر امیر جماعت مولانا حاجی عبد الواہاب کے بیان سے شروع ہوگیا۔ تبلیغی اجتماع میں پاکستان سمیت دنیابھر سے مسلمان تزکیہ نفس کے لیے رائیونڈ پنڈال میںجمع ہیں۔ حاجی عبدالوہاب نے اپنے افتتاحی بیان میں کہا کہ دعوت تبلیغ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اسلام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس پر اسلام کی کامیابی کا انحصار ہے آج کے دور میں اس کی اشد ضرورت ہے، دعوت تبلیغ کا فلسفہ بھی یہی ہے،اللہ کے احکامات کو دوسروں تک پہنچائیں، یہ کام اللہ رب العزت نے نبیوں کے ذمہ لگایا جنہوں نے اس کام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کی، سوا لاکھ انبیاء کو دنیا میں معبوث فرماکر انسانیت کی بھلائی کا معاملہ کیا، ہر کلمہ گو کے دل میں تڑپ پیداکرکے کلمہ حق کی دعوت کو ہربنی نوع انسان تک پہنچانا اب ہمارے ذمہ ہے، نبی آخرالزمانؐ کے بعد رب کے کسی نبی نے نہیں آنا، اس اہم کام کی ذمہ داری پوری کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، جہنم سے نجات اور جنت کی کنجی حاصل کرنے کا واحد ر استہ تبلیغ ہے۔ امت کی بھلائی کے لیے اپنا مال وجان اور وقت لگانا صدقہ جاریہ اور اس میں ہم سب کی بھلائی اور نجات ہے۔ اس نیک کام میں بہت سی رکاوٹیں اور شیطان راستہ روکنے کی ہرممکن کوشش کرتاہے لیکن اللہ کی رضا کے لیے آگے بڑھتے رہو اور صبر وتحمل اور استقامت سے اس کارخیر کا حصہ بنے رہیں، تبلیغی مرکز رائیونڈ کے استاد مولانا جمیل الرحمن نے کہا اسلامی شعائر کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابیاں ہیں۔ انسان تک اللہ کی واحدانیت اور سنت رسول اللہؐ کا پیغام پہنچانا امت محمدیہؐ کے فرائض میں شامل ہے۔ اجتماع کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد احمد لاڈ نے کہا قرآن پاک ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس طرح ہر مشینری کے ساتھ ایک کیٹلاگ ملتی ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے انسانی مشینری کو چلانے کیلئے قرآن کی صورت میں ایک کتاب دی ہے ۔ بعداز نماز فجر امیر مرکزیہ حاجی عبدالوہاب‘ بعدازنماز عصر مولانا فہیم احمد اور بعداز نماز مغرب مولانا محمد احمد بہاولپوری بیان فرمائیں گے۔ پنجاب حکومت کے خصوصی اقدامات کے تحت پنڈال کی حدود سے باہر ٹرانسپورٹ کی پارکنگ قائم کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے ہیں اور محکمہ صحت کے زیراہتمام بیسیوں عارضی ہسپتال بنائے گئے ہیں جبکہ مقامی ٹی ایچ کیو ہسپتال 10 روز کے لئے بند کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹرز نرسنگ پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اجتماع کے شرکاء کے لئے عارضی قیام و طعام کے لئے مطبخ خانے قائم کر دیئے گئے ہیں اور اجتماع کو جانے والے راستوں پر 200سے زائد سٹریٹس لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے وسیع و عریض پنڈال میں اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئیں، پہلے روزشرکاء کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ یوسی رائے ونڈ ویلیج 272جہاں پر تبلیغی اجتماع کا پنڈال ہے، اس کے چیئرمین دائود احمد نے تبلیغی پنڈال کو جانے والی بڑے روہی نالہ کی صفائی کا کام مکمل کرا لیا ہے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے پرائیویٹ آپریٹرز کے تعاون سے رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے آنے والے مسافروں کیلئے خصوصی طور پر 25 منی بسیں چلانے کا انتظام کیا ہے۔آپریشنل پلان کے تحت منی بسیں حیدر سائیں دربار جنرل بس سٹینڈ اور ریلوے سٹیشن کے باہر سے رائیونڈ تک چلائی جائیں گی۔ دریں اثناء تبلیغی جماعت کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا خصوصی بیان ہفتہ کے دن نماز ظہر کے بعد ہو گا۔ قبل ازیں جمعہ کے بعد پروگرام تھا جو کہ تبدیل کیا گیا ہے۔ نماز جمعہ کے بعد مولانا محمد اسماعیل کا بیان فائنل ہوگاہے۔ یہ بات مولانا طارق جمیل کے خادم خاص شبیر عثمانی نے رائے ونڈ میڈیا کو بتائی ہے۔