امریکی ویزا لاٹری سسٹم، صدر ٹرمپ نے مخالفت کر دی
نیویارک(این این آئی)نیو یارک میں کیے گئے اور آٹھ افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والے تازہ ترین دہشت گردانہ حملے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ امریکی ویزا لاٹری سسٹم کی مخالفت کر دی ہے۔ اس حملے میں ملوث ملزم اسی لاٹری ویزے پر امریکا آیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں مروجہ اس ویزا لاٹری سسٹم پر شدید تنقید کی ہے، جس کے تحت اس ملک کی آبادی میں زیادہ سے زیادہ تنوع اور نسلی کثیرالجہتی کے لیے ہر سال ہزارہا غیر ملکیوں کو امریکا میں آباد ہونے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔تارکین وطن کی آمد سے متعلق اس امریکی نظام کو عرف عام میں ویزا لاٹری سسٹم اور قانونی طور پر ’سماجی تنوع کے لیے ویزا لاٹری پروگرام‘ کہا جاتا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا کو نیو یارک شہر میں ایک نئے دہشت گردانہ حملے کی صورت میں جن ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا، ان کا سبب بننے والا ملزم اسی لاٹری پروگرام کے تحت امریکہ آیا تھا۔