ہدایتکار ادریس عادل انتقال کر گئے
لاہور (کلچرل رپورٹر) فلم اورٹی وی کے نامور ہدایتکارادریس عادل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ وہ گزشتہ روز صبح تقریباً 11بجے کے قریب اپنے پروڈکشن ہاﺅس میں موجود تھے جہا ں انہیں اچانک دل کی شدید تکلیف ہوئی اور انہیں فوری طور پر جناح ہسپتال داخل کرا دیاگیا تاہم وہ جانبرنہ ہو سکے۔ مرحوم کاجسد خاکی ان کے آبائی شہر ڈسکہ میں پہنچا دیاگیا جہاں آج بروزجمعہ ان کی نمازجنازہ اداکی جائے گی۔ مرحوم نے سوگواران میں ایک بیوہ، تین بیٹوں اور ایک بیٹی کو چھوڑا۔ادریس عادل نے فنی کیرئیر کا آغاز بطور فلمساز اور اداکار فلم اک دھی پنجاب دی سے شروع کیا۔جس کے ہدایتکارکیفی تھے۔ بعدازاں بطور مصنف وہدایتکا رانہوں نے درجنوں ٹی وی ڈرامے بنائے جن میں ”چودھرانی، ہم تین، کامیڈی کلینک“ اور دوسرے شامل ہیں۔ ان کی بطور فلمساز، مصنف وہدایتکار فلم چیمپئن مکمل ہے اور 10نومبرکواس کی نمائش کا اعلان کیاگیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ایک نئی فلم کا پراجیکٹ شروع کررکھا تھا اوروہ فلم کی عکسبندی کی تیاریوں میں مصروف تھے تاہم زندگی نے انہیںمہلت نہ دی۔ شوبز سے وابستہ افرادنے مرحوم کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔