کوہلی کو آئی سی سی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر بھی کلین چٹ مل گئی
نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک )بھارتی کپتان ویرات کوہلی کونیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے باوجودکلین چٹ دے دی گئی۔ ویرات کوہلی کی ایک تصویر سامنے آئی تھی جس میں وہ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں میچ کے دوران واکی ٹاکی پر کسی سے بات کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق کپتان ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے واکی ٹاکی استعمال کرتے رہے۔کوہلی کی تصویر منظر عام پرآنے کے بعد بھارتی میڈیا میں ہنگامہ برپا ہوگیا کہ کوہلی آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں اور ان کے خلاف بڑی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ تاہم آئی سی سی نے معاملے کی تحقیقات کرنے کے بعد کوہلی کو کلین چٹ دے دی ہے۔آئی سی سی کے آرٹیکل 4.2 کے مطابق میچ کے دوران کسی بھی قسم کے لیپ ٹاپ، انٹر نیٹ، لینڈ لائن ، فون یا کسی دوسرے آلے کے استعمال پر پابندی ہوتی ہے۔ تاہم کھلاڑی آپس میں بات چیت کے لیے ڈگ اور ڈریسنگ روم کے درمیان واکی ٹاکی استعمال کرسکتے ہیں۔ بھارتی کپتان نے منیجر سے واکی ٹاکی استعمال کرنے کی اجازت بھی لی تھی۔