مبارک پور: شاپروں میں بند 2 نومولود بچیوں کو نہر سے زندہ نکال لیا گیا، ہسپتال داخل
ملتان (نمائندہ خصوصی) نہر سے دو نومولود بچیاں زندہ نکال لی گئیں، دونوں کو نشتر ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ نامعلوم افراد نے دو نومولود بچیوں کو دو شاپرز میں بند کیا اور انہیں نہر میں پھینک دیا۔ شاپر میں بند بچیاں نہر میں تیرتی ہوئی جا رہی تھیں، مبارک پور میں نہر کے کنارے پر موجود کتے انہیں پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران ایک نوجوان علی حسن نے تیرتے ہوئے دو شاپر دیکھے تو اس نے انہیں باہر نکالا تو اس میں دونوں بچیاں زندہ تھیں۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ انہوں نے دونوں کو نشتر ہسپتال میں داخل کروا دیا ہے جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔